ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں ٹیپو سلطان جینتی منائے جانے کے تعلق سے پیشگی تیاری میٹنگ کا انعقاد؛ بینک ہال میں پروگرام نہ رکھنے کا مشورہ

بھٹکل میں ٹیپو سلطان جینتی منائے جانے کے تعلق سے پیشگی تیاری میٹنگ کا انعقاد؛ بینک ہال میں پروگرام نہ رکھنے کا مشورہ

Sat, 04 Nov 2017 21:34:26    S.O. News Service

بھٹکل:4/ نومبر (ایس اؤنیوز)بھٹکل تحصیلدار دفتر میں بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر منجوناتھ کی صدارت میں ریاستی حکومت کی طرف سے 10نومبر کو منائے جانے والی ٹیپو جینتی اتسوا کو لے کر پیشگی تیاری میٹنگ کا انعقاد ہوا۔

میٹنگ میں ٹیپو جینتی کے پروگرام، ریلی اور دیگر معاملات پر گفتگوہوئی ۔ میٹنگ میں موجود مجلس اصلا ح وتنظیم بھٹکل کے ذمہ داروں نے انتظامیہ کو باورکرایا کہ پچھلے سال جس طریقے پر ٹیپو جینتی منائی گئی اس سے عوام کا کوئی تعلق نہیں کے برابر تھا۔ کیونکہ ٹیپو جینتی اربن بینک کے ہال میں منعقد کیا گیا تھا جس سے  مقامی عوام دور رہے۔ذمہ داروں نے بتایا کہ مقامی لوگ بینک کے ہال میں آنا پسند نہیں کرتے۔ اسی لئے انہوں نے  امسال کسی دوسرے مقام پر منعقد کرنے کی بات کہی ۔ تنظیم ذمہ داران نے اس بات پر زور دیا کہ انتظامیہ اس بار بھٹکل کے پبلک چبوترا، نیو انگلش اسکول کاشانبھاگ ہال، انجمن گراؤنڈ یا  رابطہ ہال میں سے کسی ایک مقام پر جینتی منعقد کرے۔ انتظامیہ کی طرف سے کہا گیا کہ  وہ دو دنوں میں کوئی مناسب مقام طئے کریں گے اور عوام کو اطلاع دیں گے۔

میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنر نے بی ای اؤ سے کہاکہ ٹیپو جینتی کے پروگرام میں شہر کے دو تین ہائی اسکول کے طلبا کو بھی شریک کرائیں۔ انہوں نے یہ بھی  بتایا کہ اس سلسلے میں اگر کوئی بیانر وغیرہ لگانا چاہتے ہوں تو  وہ بلدیہ کی منظوری اورقانون کے مطابق نصب کرسکتے ہیں۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر  کوئی قانون کی خلاف ورزی کرے گا یا قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کرے گا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اس موقع پر بلدیہ صدر محمد صادق مٹا، نائب صدر کے ایم اشفاق، مجلس اصلاح وتنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری، نائب صدر عنایت اللہ شاہ بندری ، مولوی سید یاسر ندوی ،وکیل عمران لنکا ، رابطہ کے نمائندے مناظر سکری، تعلقہ پنچایت سی ای اؤ سی ٹی نائک، سی پی آئی کمار سوامی ، بی ای اؤ وینکٹیش پٹگار، سماجی کارکنان نذیر احمد قاسمی ، فیا ض ملا، نثار احمد رکن الدین ، سلطان یوتھ ویلفئیر اسوسی ایشن کے عبدالسمیع میڈیکل، محتشم عبدالعظیم، ٹیپو سلطان ابھیمانی بلگا کے فاروقی موجودتھے۔


Share: